ممبئی: سماج وادی پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ این آر سی ۔ سی اے اے کے خلاف مہاراشٹر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران قرارداد کو منظور کرنے کے لیے مہا وکاس آگھاڑی پر دباؤ بنائیگی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں کانگریس، این سی پی اور شیو سینا کی مشترکہ حکومت اور سماج وادی پارٹی بھی اس کا حصہ ہے۔
ممبئی میں ’ملی تحریک فاؤنڈیشن‘ نامی تنظیم کے ذریعے مسلم مسائل پر تبادلہء خیال کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے ارکان اسمبلی ابو عاصم اعظمی اور رئیس شیخ نے اسمبلی اجلاس میں سی اے اے اور این آر سی کو ریاست میں نافذ نہ کرنے کے متعلق قراداد پیش کرنے کی بات کہی۔
سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں این آر سی اور سی اے اے کے عدم نفاذ کے متعلق قراداد پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اعظمی نے کہا کہ کیرالہ، دہلی اور تلگانہ سمیت 13 ریاستوں میں سی اے اے اور این آر سی کے عدم نفاذ کے متعلق قراداد منظور کی جا چکی ہے لیکن مہاراشٹر کی سرکار ابھی تک اس متعلق قدم اٹھانے سے قاصر ہے۔ اعظمی نے کہا کہ این سی پی کانگریس اور شیوسینا نے سی اے اے این آر سی کی مخالفت کی تھی لیکن اب اس کے خلاف قراداد منظور کرنے کے متعلق تینوں ہی جماعتیں شش و پنج کا شکار ہیں۔