ممبئی:29جنوری ۔(ورق تازہ نیوز) مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈیمی کی جانب سے 72 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پرمنگل کو آن لائن کُل ہند مشاعرہ کاانعقاد کیاگیا ۔ مشاعرے کاافتتاح اقلیتی امور کے ریاستی وزیر اورصدر اردواکیڈیمی جناب نواب ملک نے کیا ۔ اس موقع پر نواب ملک نے اپنی تقریر میں کہاکہ ”اردو اکیڈیمی کے نئے بورڈ کی تشکیل کیلئے ہم کوشا ں ہیں لیکن مخلوط حکومت کی وجہ سے کچھ دشواریاں پیش آرہی ہین اس کے باوجود میں وعدہ کرتا ہوں کہ جلد ہی بورڈ کی تشکیل کی جائے گی ۔

اردواکیڈیمی اردو کے فروغ کیلئے متواتر کوشاں ہے ۔ریاستی سطح پر مشاعروں کے علاوہ دیگر ادبی وثقافتی سرگرمیوں پرمبنی تقریبات منعقد کرنے کی کوشش جاری ہے تاکہ نوجوانوں اور نئی نسل کواپنی صلاحیتوں کوپروان چڑھانے کاپورا موقع مل سکے ۔اس کے علاو قوالوں کیلئے بھی ہم بہت جلدپروگرام ترتیب دینے والے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ”ہرسال 26جنوری کوگیٹ وے آف انڈیا پر مشاعرہ منعقد کیاجاتا ہے لیکن کوویڈ کی وجہ سے مجبورا آن لائن مشاعرہ منعقد کیاگیاہے ۔ہم گزشتہ نوسال سے جاری مشاعرہ کی روایت کوبرقرار رکھناچاہئے تھے ۔

اس لئے آن لائن مشاعرہ منعقد کیاگیا ہے۔مشاعرہ کے افتتاح سے قبل اردواکیڈیمی سپرنٹنڈنٹ شعیب ہاشمی نے اکیڈیمی کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات بتائیں ۔اردو کارواں کے فریدشیخ نے مشاعرہ کاخیر مقدم کیا ۔پہلے سیشن کی نظامت کرتے ہوئے معروف شاعر ڈاکٹرقاسم امام نے گیٹ وے آف انڈیا پرمنعقد ہونے والے مشاعرہ کی روایت پرروشنی ڈالی ۔ناظم مشاعرہ محسن ساحل نے ڈاکٹرلکشمن شرماواحد کی نعت پاک سے مشاعرہ کاآغاز کیا۔مشاعرہ میںڈاکٹر قام امام ‘شبینہ ادیب‘شاہدلطیف ‘شمیم عباس ‘ڈاکٹرسلیم محی الدین ‘ندیم صدیقی ‘ محشر فیض آبادی ‘ سندر مالیگانوی‘نعیم فراز ‘ڈاکٹرلکشمن شرما واحد‘ڈاکٹرگنیش گائیکواڑ‘ آصف اقبال ‘محسن ساحل ‘ شعیب ابجی‘انس نبیل خان اور عبید حارث نے اپنے کلام سے سامعین کومحظوظ کیا ۔آن لائن مشاعرہ میں محکمہ اقلیتی ترقیات کی ایڈیشنل چیف سکریٹری جےءشری مکھرجی اورجوائنٹ سیکریٹری ایس سی تڑوی بھی موجود تھے ۔