ممبئی:9 اپریل۔(ورق تازہ نیوز)ریاست میں کورونا کیسز میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے ایسے حالات کے پیش نظر ریاست کے وزیراعلیٰ اودھوٹھاکرے نے کل 10 اپریل کوایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میںریاست میں کچھ دنوں کیلئے لاک ڈاون نافذ کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

اس ضمن میں مختلف ٹی وی چینلوں پریہ خبریں چل رہی تھی کہ وزیراعلیٰ نے کل ہفتہ کو ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے ۔ اس بارے میں بی جے پی کے لیڈر پروین دریکر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے آج جمعہ کو ہی اجلاس طلب کیاتھا لیکن دیویندرفڑنویس ‘ چندرکانت پاٹل جیسے قدآور لیڈران مہاراشٹرمیں موجود نہیں ہے اسلئے یہ اجلاس کل ہفتہ کو رکھاگیاہے ۔کیونکہ لاک ڈاون کے بارے میں کوئی اہم فیصلہ کیاجانے والا ہے اسلئے اہم لیڈران کااجلاس میں شریک رہنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ ایک طرف جہاں کل مہاراشٹرچیمبرآف کامرس کے ذمہ داران کے ہمراہ وزیراعلیٰ نے آن لائن اجلاس طلب کیاتھا جس میں انھوں نے یقین دہانی کروائی تھی کہ آئندہ دو دنوں میں ریاست کی تمام دوکانوں کو کھولنے کافیصلہ کیاجائے گا ۔

ایسے میں آج پھر یہ خبریں آرہی ہیں کہ وزیراعلیٰ نے ہفتہ کو کُل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے جس میں ریاست میں لاک ڈاون نافذ کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ اس طرح کی خبروں سے تاجروں اور عوام میں الجھن پائی جاتی ہے ۔