مہاراشٹر:حملہ کے مجرم کو درخت لگانے اور روزانہ پانچ وقت نماز پڑھنے کا مجسٹریٹ نے حکم دیا
مالیگاوں:یکم مارچ۔(ورق تازہ نے نیوز) مہاراشٹر کے ناسک ضلع کے مالیگاؤں کی ایک عدالت نے سڑک حادثے کے بعد مارپیٹ کے ایک معاملے میں سزا یافتہ ایک مسلم نوجوان کو جیل کی سزا کے بجائے 21 دن تک دن میں دو درخت لگانے اور دن میں پانچ وقت نماز پڑھنے کا حکم دیا ہے۔
مجسٹریٹ تیجونت سنگھ سندھو نے 27 فروری کو جاری کردہ ایک حکم میں کہا کہ پروبیشن آف آفنڈرز ایکٹ کی دفعات مجسٹریٹ کو یہ اختیار دیتی ہیں کہ وہ کسی مجرم کو سرزنش کر کے یا اسے معقول وارننگ دے کر رہا کر دے۔ تاکہ یقین ہو جائے کہ وہ جرم دوبارہ نہیں کرے گا۔
مجسٹریٹ نے کہا کہ موجودہ کیس میں محض تنبیہ ہی کافی نہیں ہوگی اور یہ بھی ضروری ہے کہ مجرم کو اپنی سزا یاد رہے تاکہ وہ دوبارہ جرم نہ کرے۔ انہوں نے کہا، ’’میرے نزدیک منصفانہ وارننگ دینے کا مطلب یہ ہے کہ اعتراف جرم کیا گیا ہے، ملزم کو سزا سنانا اور اس کی سزا کو یاد رکھنا، تاکہ جرم دوبارہ نہ ہو۔‘‘
30 سالہ رؤف خان کے خلاف 2010 میں سڑک حادثے پر جھگڑے کے دوران ایک شخص پر حملہ کرنے کا الزام تھااورچھیڑ چھاڑ کرنے اور اسے زخمی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔ خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ سماعت کے دوران خان نے کہا تھا کہ وہ باقاعدگی سے نماز نہیں پڑھتے۔ اس کے پیش نظر عدالت نے انہیں حکم دیا ہے کہ وہ 28 فروری سے اگلے 21 دنوں تک دن میں پانچ بار نماز پڑھیں، سونا پورہ مسجد مالیگاوں کے احاطے میں دو درخت لگائیں اور درختوں کی دیکھ بھال کریں۔