• 425
    Shares

ممبئی 4؍اکتوبر (یو این آئی )مہاراشٹرا وقف بورڈ سے رجسٹرڈ سبھی مساجد ، مدارس اور ادارے کے علماء کے لیئے ماہانہ سرکاری مالی وظیفہ جاری کرنے کا مطالبہ آئین ہند کے معمار ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے ڈاکٹر پرکاش امبیڈکر کی قیادت والی دلت سیاسی تنظیم ونچت بہوجن اگھاڑی اور معاون تنظیموں نے پیغمبر ﷺبل کی حمایت میں منعقدہ ایک کانفرنس کے دوران کیا ۔

کل شام ممبئی کے دادر نامی علاقہ میں ڈاکٹر امبیڈکر بھون میں منعقدہ سمیلن اور کھلا سنواد کے دوران مختلف قراردادیں منظور کی گئیں جس کے مطابق پیغمبر محمدﷺ اور دیگر مذہبی رہنماوں کی بے حرمتی کی روک تھام ایکٹ یعنی "پیغمبر محمد ﷺ بل کی ملک کے سبھی ریاستی اسمبلیوں اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منظوری کا مطالبہ کیا گیا اور اس بل کی منظوری کے لیے اپنے میونسپل وارڈ اور حلقہ کے سبھی سیاسی پارٹیوں کے ممبر کارپوریشن نگر سیوک ، ممبر اسمبلی اور ممبر پارلیمنٹ سے اس بل کی منظوری کے لیے تحریری مطالبہ کیئے جانے کی قرارداد منظور کی گئی ۔

اسی طرح سے مارچ ٢٠١٩ سے اکتوبر ٢٠٢١ کے درمیان مکمل اور جزوی طور پر لاگو کردہ کورونا لاکڈاون کے سبب سخت مالی مشکلات سے مذہبی اداروں میں خدمات انجام دینے والے مذہبی رہنماوں کو ضلع کلیکٹر کے ذریعے میونسپل وارڈ سطح پر فوری سروے کرکےحکومت مہاراشٹرا کی جانب سے بلا تفریق مالی راحتی پیکج دیئے جانے کا مطالبہ کیا گیا اور اس قرارداد کو بھی منظوری دی گئی جس کے تحت ملک کی دوسری ریاستوں کی طرز پر مہاراشٹرا وقف بورڈ کی جانب سے اپنے رجسٹرڈ شدہ سبھی چھوٹے بڑے اداروں میں سن ٢٠٢٠ سے قبل سے خدمات انجام دے رہے ائمہ ، موذن ،حفاظ اور مدرسین کے لیے ماہانہ سرکاری مالی وظیفہ شروع کیا جائے ۔

ونچت بہوجن اگھاڑی کے علاوہ جن ملی تنظیموں کے عہدیداران اور سربراہان نے ان قرارداد کی حمایت کی ہے اس میں رضا اکیڈمی، تحفظ ناموس رسالت بورڈ، آل انڈیا سنی جمیعت العلماء، دارالعلوم علی حسن اہلسنت ساکی ناکہ، آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ، سلطان الایشیاء صوفی مشن، رضا فاونڈیشن، تنظیم علماء اہلسنت، سنویدھان بچاو منچ ،آل انڈیا ائمہ مساجد کونسل، انجمن باشندگان بہار، راشٹریہ امن منچ ،خوجہ شیعہ اثنا عشری جماعت، ناد علی فاونڈیشن ،اسلامک والنٹیئر ٹروپ، سیکیولر ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا، ممبئی دلت پینٹھر ،اہل بیت فاونڈیشن، السنہ اسلامک فاونڈیشن، تنظیم دعوت الحق و دیگر شامل ہیں ۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔