مہاراشٹرا میں لاک ڈاؤن کا امکان

اودھو ٹھاکرے کابینہ کے 7 وزراء کورونا سے متاثر
ممبئی : مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ شیوسینا نے بڑھتے واقعات کو باعث تشویش قرار دیا اور کہاکہ ریاست میں اپوزیشن پارٹیوں کو کوویڈ ۔ 19 بحران کے تعلق سے محتاط ہوکر اظہار خیال کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر اودھو ٹھاکرے نے اتوار کے دن عوام سے کہا تھا کہ وہ کوویڈ کے اُصول و ضوابط پر سختی سے عمل کریں۔ اُنھوں نے ریاست میں کورونا وائرس کی صورتحال کا 15 دن تک جائزہ لینے کا فیصلہ کیا اور اِس کے بعد ریاست میں دوسرا لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ شیوسینا کے ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ ادھو ٹھاکرے کے بیان کے بعد بی جے پی لیڈر پروین داویکر نے ریمارک کیا تھا کہ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرکے حکومت ریاست میں دہشت کا ماحول پیدا نہ کرے۔ اِس پر شیوسینا نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کو کورونا وائرس کے تعلق سے غیرضروری بیان بازی نہیں کرنی چاہئے۔ مہاراشٹرا میں گزشتہ 7 دن کے دوران 34,778 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس ہفتہ کورونا کیسیس میں تقریباً دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ ایک ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ شیوسینا لیڈر سنجے راتھوڑ کورونا ضابطہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مندر پہنچے، ان کے ہمراہ سینکڑوں حامی بھی تھے، یہاں پر کئی افراد بغیر ماسک کے تھے۔

Leave a comment