ریاض : مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ریستورانوں، غذائی اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں اور جنرل اسٹورز پر چھاپے مار کر نقلی آب زم زم کے 250 کین ضبط کرلیے۔ پوچھ گچھ پر تجارتی مراکز کے ذمہ داران یہ بتانے سے قاصر رہے کہ یہ آب زمزم کے کین کہاں سے حاصل کیے گئے۔ یہ کین نامناسب طریقے سے ذخیرہ کیے گئے تھے اور حفظان صحت کے ضوابط کی مکمل خلاف ورزی کی جارہی تھی۔سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ماتحت المسفلہ کی بلدیاتی کونسل نے بیان جاری کرکے کہا کہ اس کے انسپکٹرز نے بلدیہ کے دائرے کار میں داخل ریستورانوں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے مراکز اور اسٹورز پر چھاپے مارے تھے اس حوالے سے متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آنے کے بعد 12 تجارتی ادارے مہربند کردیئے گئے۔