مودی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں کلین چٹ

نئی دہلی 30 اپریل .الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں کلین چٹ دے دی ہے۔کمیشن نے آج کہا کہ مہاراشٹر کے وردھا میں یکم اپریل کو انتخابی ریلی میں مسٹر مودی کی تقریر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔ اس ریلی میں مسٹر مودی نے وايناڈ سے الیکشن لڑنے کے لئے کانگریس صدر راہل گاندھی کو نشانہ بنایا تھا۔ کانگریس نے وزیر اعظم پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے اس کی شکایت الیکشن کمیشن سے کی تھی۔مسٹر مودی نےیکم اپریل کو وردھا میں اپنی تقریر میں کہا تھا کہ مسٹر گاندھی وايناڈ سے الیکشن لڑ رہے ہیں جہاں اکثریت کم ہے۔ انہوں نے کانگریس پر ووٹ بینک کی سیاست کرنے کے لئے ‘ہندو دہشت گردی’ کا لفظ استعمال کرنے اور کروڑوں ہندوؤں کو دہشت گرد کی طرح پیش کرکے ان کے جذبات کو مجروح کرنے کا الزام لگایا تھا۔