اسلام آباد:28 فروری (ایجنسیز)ہندوستان اور پاکستان میں بڑھتی کشیدگی کے درمیان خبر ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کرسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم ونگ کمانڈر ابھینندن کو ہندوستان واپس بھیجنے کا ا?فر بھی دے سکتے ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کے وزیر خارجہ نے بیان جاری کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان ہندوستانی وزیر اعظم مودی سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔غور طلب ہے کہ ونگ کمانڈر ابھینندن کی رہائی کو لے کر ہندوستان نے پاکستان کی کسی بھی شرط کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اگر ہمارے سامنے کسی بھی طرح کی تجویز رکھنے کی کوشش کررہا ہے تو یہ غلط ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں پاکستان قندھار جیسے حالات بنانے کی کوشش کررہا ہے ، لیکن ونگ کمانڈر کو لے کر ہندوستان پاکستان کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیان دیا ہے کہ اگر ہندوستانی پائلٹ کو واپس کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہوتی ہے تو وہ تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ہندوستان کے وزیر اعظم مودی سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔ تاہم پاکستانی وزارت خارجہ کی اس پیشکش کو ہندوستانی حکومت نے ٹھکرادیا ہے۔ ہندوستان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے پائلٹ کو بحفاظت لوٹائے۔ ہندوستان نے واضح کردیا ہے کہ ونگ کمانڈر کو کسی بھی طرح کا کوئی نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔