مودی حکومت نے “حج”وی آئی پی کوٹہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا

نئی دہلی:مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے اعلان کیا کہ حکومت نے حج کا ‘وی آئی پی کوٹہ’ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے حج میں ‘وی آئی پی کوٹہ’ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک کے عام لوگ اس کا فائدہ اٹھا سکیں اور اس مذہبی سفر میں ‘وی آئی پی کلچر’ ختم ہو۔

مرکزی اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی نے بدھ کو یہ جانکاری دی۔ ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، “یہ (حج میں وی آئی پی کوٹہ ختم کرنے کا) فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے دور حکومت کے پہلے ہی دن وی آئی پی کلچر کے خاتمے کا عزم کیا۔

ایرانی نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دوران حج کمیٹی اور حج یاترا کے سلسلے میں وی آئی پی کلچر قائم کیا گیا تھا۔ اس کے تحت آئینی عہدوں پر فائز افراد کے لیے حج کے لیے خصوصی کوٹہ تھا۔

انہوں نے کہا، ’’اب وزیر اعظم نے اپنا کوٹہ قوم کے لیے وقف کر دیا ہے تاکہ اس میں کوئی وی آئی پی کلچر نہ ہو اور عام ہندوستانیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔ صدر، نائب صدر اور میں نے بھی اپنا کوٹہ چھوڑ دیا ہے۔ ہم نے حج کمیٹی سے بات کی کہ آپ وی آئی پی کلچر چھوڑ دیں اور کوٹہ ختم کریں۔

تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں نے اس کی حمایت کی ہے۔‘‘ دوسری طرف حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر کے اس اعلان کے بعد اگلے چند دنوں میں اس فیصلے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔