مودی تاریخ رقم کریں گے

0 4

نئی دہلی، 23مئی (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زبردست جیت کے بعد وزیراعظم نریندر مودی مکمل اکثریت کے ساتھ دوسری بار حکومت بناکر تاریخ رقم کریں گے۔ وہ ایسا کرنے والے ملک کے تیسرے اور پہلے غیرکانگریسی لیڈر ہوں گے۔

ملک کی پارلیمانی تاریخ میں گزشتہ پانچ دہائی میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی وزیراعظم کی قیادت میں مسلسل دوسری مرتبہ مکمل اکثریت والی حکومت بننے والی ہے۔ اس سے پہلے ایسا 1971میں اس وقت کی وزیراعظم اندراگاندھی کی قیادت میں ہوا تھا۔ مسٹر مودی یہ ریکارڈ بنانے والے پنڈت جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی کے بعد تیسرے اور پہلے غیرکانگریسی لیڈر ہیں۔ مسٹر مودی نے آخری مرحلہ کے انتخابات کی تشہیر ختم ہونے سے کچھ پہلے کہا تھا کہ انکی حکومت مکمل اکثریت کے ساتھ پھر سے اقتدار میں آرہی ہے اور ایسا طویل عرصہ کے بعد ہونے والاہے۔ انکی بات انتخابات کے نتائج میں صحیح ثابت ہوئی ہے۔

ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کی قیادت میں تین بار کانگریس کی اکثریت والی حکومت اقتدار میں آئی تھی۔ اس کے بعد اندرا گاندھی کی قیادت میں 1967اور 1971میں مسلسل دومرتبہ اس طرح کی حکومت بنی تھی۔ اس کے بعد اب مسٹر مودی یہ کرشمہ دہرانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ کانگریس نے 1980اور 1984میں بھی مسلسل لوک سبھا انتخابات میں اکثریت حاصل کی تھی لیکن دونوں بار وزیراعظم الگ الگ تھے۔ایمرجنسی کے بعد ہوئے انتخابات میں اقتدار سے بے دخل ہوئی اندرا گاندھی نے 1980میں واپسی کی تھی لیکن 1984میں انہیں عہدہ پر رہتے ہوئے قتل کردیا گیا تھا اور ان کے بیٹے راجیو گاندھی وزیراعظم بنے تھے۔ اندرا گاندھی کے قتل کے بعد ہوئے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس نے 400سے زائد سیٹیں حاصل کی تھیں۔ اس الیکشن کے بعد تین دہائی تک لوک سبھا میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی۔ گزشتہ انتخابات میں بی جے پی نے لوک سبھا میں واضح اکثریت حاصل کرکے تاریخ رقم کی تھی۔