منیبہ علی: ٹی ٹوئنٹی سنچری بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون، ’ٹیم سے باہر ہونے کے بعد بہت کچھ سیکھا‘

386

منیبہ علی صدیق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں سنچری بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ وہ دنیا میں صرف چھٹی خاتون ہیں جنھیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

انھوں نے جنوبی افریقہ میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران آئر لینڈ کے خلاف 68 گیندوں پر 14 چوکے لگا کر 102 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان نے 70 رنز سے فتح حاصل کی۔

25 سال کی منیبہ نے تیسری وکٹ کے لیے ندا ڈار کے ساتھ 101 رنز جوڑے۔ جب منیبہ 45 رنز پر کھیل رہی تھیں تو لی پولا کے 10ویں اوور میں ڈیپ مڈ وکٹ پر ان کا ایک کیچ چھوٹا جس کے بعد آئر لینڈ کے لیے ریکوور کرنا مشکل ہوگیا تھا۔

ندا ڈار 28 گیندوں پر 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ 20 اوورز میں پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 165 کا سکور بنایا جو کہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پاکستان کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔جواب میں آئر لینڈ کی اورلا پرینڈرگاسٹ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی مگر ٹیم 95 کے مجموعی سکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی فتح سے اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکان بحال ہوگئے ہیں۔ اسے ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ میں انڈیا کے خلاف شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا۔

اتوار کو پاکستان کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ اس وقت گروپ بی میں انگلینڈ اور انڈیا کی ٹیمیں دو، دو میچوں میں فتح کے بعد سب سے اوپر ہیں۔
میچ کے بعد پاکستانی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ انھیں منیبہ کی بلے بازی پر فخر ہے۔ ’انھوں نے خود کو حوصلہ دیا اور ثابت کیا کہ وہ ایسا کرسکتی ہیں۔ امید ہے وہ ایسے ہی کھیلتی رہیں گی۔‘

بسمہ کا کہنا تھا کہ اس میچ میں ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھائی ہے اور ’ہوٹل جا کر ہم کیک کے ساتھ اس کا جشن منائیں گے۔‘

میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دی جانے والی منیبہ نے بتایا کہ ’جب مجھے اچھا آغاز ملا اور ندا باجی کے ساتھ شراکت قائم ہوئی تو وہ مجھے کہتی رہیں کہ بڑا سکور بناؤ۔ پھر 13ویں اوور میں مجھے پتا چل گیا تھا کہ میں سنچری بنا سکتی ہوں اور انھوں نے مجھے کافی سپورٹ کیا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’میں فیلڈ کے ساتھ کھیل رہی تھی اور یہ سمجھنے کی کوشش کر رہی تھی کہ میں کہاں باؤنڈری حاصل کر سکتی ہوں اور ندا ڈار نے ایسے میں میری مدد کی۔‘

منیبہ نے اپنی سنچری کپتان بسمہ اور ساتھی کھلاڑیوں کے نام کی ہے۔ ’گذشتہ روز ہمارا میچ اچھا نہیں رہا تھا اور ہم آپس میں بہت لڑتے ہیں لیکن آج سب خوش ہیں۔‘