ممنوعہ گوشت فروخت کرنے کے شبہ میں مسلم نوجوان کی بے رحمی سے پٹائی، علاج کے دوران موت، سرپنچ گرفتار
بہار کے ضلع چھپرہ میں بیف (گائے/بھینس کا گوشت) فروخت کرنے کے الزام میں ایک نوجوان کی بے رحمانہ پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ زخمی حالت میں اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن علاج کے دوران اس کی موت واقع ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کی شناخت نسیم قریشی کی شکل میں ہوئی ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کیا ہے جس میں ایک سرپنچ بھی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ واقعہ رسول پور تھانہ حلقہ کے یوگیا گاؤں کا ہے جہاں سیوان کے دو باشندے گوشت فروخت کر رہے تھے۔ لوگوں کو شبہ ہوا کہ وہ بیف فروخت کر رہا ہے، اس کے بعد گاؤں والوں نے دونوں نوجوان سے پوچھ تاچھ شروع کر دی۔ اس دوران تنازعہ شروع ہو گیا اور پھر ایک نوجوان وہاں سے فرار ہو گیا۔ دوسرے نوجوان کی گاؤں والوں نے بری طرح پٹائی شروع کر دی۔