ممبرا کے بزرگ ایم بی بی ایس ڈاکٹر شیرازاحمد کا بہیمانہ قتل سڑک کے کنارے لاش ملی

ممبرا۔ ۲۰ ستمبر (احمد اظہار کی رپورٹ ) شیل دیگھر پولس کو آج علی الصبح ایک بزرگ کے لاش کی اطلاع ملی۔ شناخت پر پتہ چلا کہ وہ ممبرا کے بزرگ ایم بی بی ایس ڈاکٹر شیر از احمد خان کی لاش ہے۔ خبر پھیلتے ہی شہر میں سنسنی پھیل گئی۔ پولس نے بارہ گھنٹے میں قاتل کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانے شہر کے شیل دیکھر علاقے میں منگل کی صبح ایک بزرگ ڈاکٹر کی لاش جس پر کئی زخم تھے ، سڑک کے کنارے ان کے کلینک سے دو کلو میٹر دوری پر کھرڈی تالاب کے پاس ملی۔

شیل دیگھر پولس اسٹیشن کے ایک افسر کے مطابق 60 سالہ ڈاکٹر شیر از خان کی لاش کو کلوا کے چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا گیا۔ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق سر پر گہری چوٹ لگنے کی وجہہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔

تفتیش میں شامل ایک اہلکار نے روز نامہ ممبئی اردو نیوز” کو بتایا کہ ٤٤ سالہ وسیم نے ڈاکٹر شیراز کو پیسہ لوٹانے کے بہانے اپنی رکشا میں بٹھایا اور کھر ڈی روڈ پر لے جا کر پہلے بے رحمی سے ان کی پٹائی کی ، چاپڑسے وار کیا اور آخر میں سر پر پتھر دے مارا۔ چا پیڑ کا وار بچانے میں مقتول کی انگلیاں بھی کٹ گئی تھیں ۔ مزید تفتیش کے لئے عدالت نے ملزم کو ۲۶ ستمبر تک پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ پولس کو شبہ ہے کہ قتل میں اور لوگ ملوث ہو سکتے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے دوران اسپتال پہونچے سابق کابینی وزیر اور مقامی ایم ایل اے نے پولس اور انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مبرا کلوا میں لا اینڈ آرڈر نام کی کوئی چیز نہیں بچی ہے۔ انہوں نے پولس پر من مانی کرنے اور شہر کو لاوارث چھوڑ دینے کا الزام لگایا ہے۔

افسر نے بتایا کہ معالج اپنے کلینک کے قریب رہتے تھے اور کلینک بند کرنے کے بعد رات تقریبا دو بجے گھر لوٹ رہے تھے۔ جب وہ گھر نہیں پہونچے تو ان کی تلاش شروع ہوئی آخر کار گھرڈی تالاب کے پاس ان کی زخم زدہ لاش پائی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پولس نے علاقے کے سی سی ٹی وی فوٹیج کو سکین کر کے ایک آئورکشا کی شناخت کی اور اس کے ڈرائیور وسیم عبدالستار میمن کو پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شیراز نے وسیم کو رکشا کا ٹیکس بھرنے کے لئے پیسے ادھار دئے تھے مگر بار بار تقاضے کے باوجود دویم پیسہ واپس نہیں دے۔ بشکریہ ممبئی اردو نیوز