ممبئی کی ہمہ منزلہ عمارت میں مہیب آگ ، 2 ہلاک

ممبئی ۔ 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے مضافاتی علاقہ اندھیری میں کل رات رہائشی ہمہ منزلہ عمارت کے ایک اپارٹمنٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس میں ایک خاندان کے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ آگ رات 8:20 بجے قریب بھڑک اٹھی۔ 21 منزلہ بلڈنگ کی 10 ویں منزل پر لگی آگ کے وقت خاندان کے ارکان پوجا کررہے تھے۔ آگ کے شعلے بعدازاں تیزی سے سارے اپارٹمنٹ میں پھیل گئے اور 11 ویں منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ویرادیسائی روڈ پر واقع عمارت کی 10 ویں منزل کے دو افراد نے کھڑکی کی لوہے کی جالی کے قریب پناہ لینے کی کوشش کی لیکن یہ لوگ آگ کے شعلوں کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں کی شناخت ساگر شرما 7 سال اور وکی شرما 25 سالہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ خاندان کے دیگر 3 افراد کو بیڈروم سے بچا لیا گیا ہے۔

Leave a comment