ممبئی میں 22 دسمبر کو یک روزہ اُردو صحافتی ورکشاپ

132

ممبئی:18دسمبر ( ورقِ تازہ نیوز) مہاراشٹر اسٹیٹ اُردو ساہتیہ اکادمی اور پترکار وکاس فاﺅنڈیشن ممبئی کے اشتراک سے 22 دسمبر 2022ءکو ممبئی میں دو سو سالہ جشن اُردو صحافت کے موقع پر اُردو صحافتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ عالی جناب ایکناتھ شندے، وزیر اعلیٰ مہاراشٹر و صدر اُردو ساہتیہ اکادمی، عالی جناب اروند ساونت ( ممبر آف پارلیمنٹ)، عالی جناب منگل پربھات لودھا ( نگراں وزیر ممبئی) اور محترمہ یامنی جادھو ( ایم ایل اے )، مہمانان خصوصی کے طور پر مدعو کئے گئے ہیں۔ اس یک روزہ ورکشاپ میں صحافی حسن کمال، سرفراز آرزو ( ایڈیٹر ہندستان)، شاہد لطیف ( ایڈیٹر انقلاب)، محمد تقی ( مدیر اعلیٰ ورقِ تازہ) ، سعید حمید ، شکیل رشید، نایاب انصاری ( ایڈیٹر ہندستان، اورنگ آباد) اور دیگر صحافیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

جو مختلف موضوعات پر مضامین پڑھیں گے اور اظہار خیال کریںگے۔ خلافت ہاﺅس ممبئی میں صبح گیارہ بجے شروع ہونے والے افتتاحی اجلاس میں شعیب ہاشمی ( سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹیو آفیسر مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی) اغراض و مقاصد بیان کریں گے۔ ڈاکٹر انوپ کمار یادو (IAS) ، مہمان اعزازی ہوں گے۔ شاہد لطیف کا کلیدی خطبہ ہوگا، ورکشاپ کا پہلا سیشن صحافت میں رپورٹنگ اور اس کی اہمیت کے موضوع پر ہوگا۔ جس کی صدارت سرفراز آرزو کریں گے۔ وجیہہ الدین ، ہارون افروز، احتشام انصاری خیالات کا اظہار کریں گے۔ مہمان اعزازی خلیل زاہد ہیں۔ صحافت میں ڈسک کا کردار کے عنوان پر دوسرے سیشن کی صدارت حسن کمال کریں گے۔

فاروق انصاری، شارق نقشبندی ( ایڈیٹر ایشیاءایکسپریس)، شکیل رشید، نایاب انصاری اظہار خیال کریںگے۔ تیسرا اور آخری سیشن صحافت میں کیریئر اور صحافت کے سماج پر اثرات عنوان پر ہوگا جس کی صدارت محمد تقی کریں گے جبکہ لطیف آرزو، سعید حمید، تنویر ہُنڈیکری اپنے خیالات پیش کریںگے۔ ہر سیشن کے بعد سوالات کا دور ہوگا۔ ورکشاپ کے داعی ڈاکٹر انوپ کمار یادو (IAS) سیکریٹری محکمہ اقلیتی ترقیات، حکومت مہاراشٹر، آشارانی یو ۔ پاٹل، ڈپٹی سیکریٹری محکمہ، اقلیتی ترقیات، حکومت مہاراشٹر اور شعیب ہاشمی نے ورکشاپ میں شرکت کی درخواست کی ہے۔