ممبئی: ممبئی سمیت مہاراشٹر کے بیشتر علاقوں میں گھن۔گرج اور چمک کے ساتھ مانسون کی پہلی بارش نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے سربراہ جینتا سرکار نے مانسون کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی خبر ہے اور جنوب مغربی مانسون ممبئی، تھانے اور پالگھر میں 9 جون کو دستک دے چکا ہے۔ مانسون کے ولساڑگجرات، ناگپور مہاراشٹر اور پھر مشرقی سمت میں بڑھنے کا امکان ہے۔ مہاراشٹر میں آئندہ دو تین دن مانسون اپنا جلوہ دکھائے گا۔

آج صبح سویرے سے ممبئی کے شہری اور نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور صبح 9 اور 10 بجے کے درمیان بجلی کوندنے کے ساتھ بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ بارش ہونے لگی اور چار پانچ گھنٹوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ دفتر موسمیات قلابہ کے مطابق جنوبی ممبئی میں 77.4 ملی۔میٹر اور سانتا کروز میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 59.6 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

سینٹرل ریلوے کے سی پی آر او شیواجی ستار نے مطلع کیا کہ مضافات میں بھاری بارش کی وجہ سے چونا بھٹی اور سائن -کرلا کے درمیان پٹریوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ احتیاطی طورپر ریلوے نے سی ایس ایم ٹی اور تھانے کے درمیان کی لوکل سروس بند کردی گئی ہے اور شیواجی مہاراج ٹرمنس اور واشی کے درمیان آج صبح ساڑھے 10 بجے سے ہاربر لائن کی سروسز معطل کردی گئی ہے۔