ممبئی میں خسرہ کی وبا تیزی سے پھیلنے لگیٗ ا ب تک سینکڑوں بچے متاثر ٗوزیراعلیٰ کااہم فیصلہ
ممبئی:17/نومبر(ورق تازہ نیوز)ممبئی شہر میں خسرہ کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے، ویکسینیشن پر زور دیا جانا چاہیے اور ہسپتالوں میں زیر علاج بچوں کی خصوصی دیکھ بھال کی جانی چاہیے۔ خسرہ سے اموات کی شرح کو صفر تک لایا جائے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ویکسینیشن کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مختلف مذہبی رہنماؤں کی مدد لینے کا حکم دیا ہے۔
کابینہ کی میٹنگ کے بعد، وزیر اعلیٰ نے ممبئی میں خسرہ کی وبا پر قابو پانے سے متعلق جائزہ میٹنگ کی۔ اس موقع پر وزیر جنگلات سدھیر منگنٹیوار، وزیر صحت ڈاکٹر تانا جی ساونت، طبی تعلیم کے وزیر گریش مہاجن، وزیر تعلیم دیپک کیسرکر، وزیر زراعت عبدالستار، چیف سکریٹری منو کمار سریواستو وغیرہ موجود تھے۔ ممبئی میونسپل کمشنر آئی۔ ایس چاہل نے اس موقع پر ممبئی میں خسرہ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں بتایا۔
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کو چاہئے کہ وہ ان علاقوں میں فوری طور پر ٹیکہ کاری مہم شروع کرے جہاں خسرہ کی وبا پھیل رہی ہے تاکہ بچوں کو ٹیکہ کاری کی کمی کی وجہ سے خسرہ نہ ہو جائے۔ ویکسینیشن کے بارے میں عوام میں شعور پیدا کرنے کے لیے مقامی رہنماؤں، مختلف مذہبی رہنماؤں کی مدد لی جائے۔ وزیراعلیٰ نے خسرہ کی وباء پر قابو پانے کے لیے جنگی سطح پر کوششوں پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں زیر علاج بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
موجودہ صورتحال کیا ہے؟ ممبئی میں 164 بچے خسرہ سے متاثر ہوئے ہیں اور ان میں سے 61 کا کستوربا اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ چاہل نے کہاکہ ویکسینیشن کے لیے 900 سے زائد مراکز شروع کر دیے گئے ہیں اور ویکسینیشن کو مربوط بنانے کے لیے افسران کو تعینات کیا گیا ہے اور بچوں کو وٹامن اے کی خوراکیں دی گئی ہیں۔ شیواجی نگر آروگیہ سیوا کیندر میں ہلکی علامات والے مریضوں کے لیے الگ تھلگ کمرہ کھولا گیا ہے۔ نازک مریضوں کا علاج راجواڑی، شتابدی اور گوونڈی اسپتالوں میں کیا جائے گا۔ ابتدائی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ شہر میں 20 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے۔ میونسپل کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ ویکسینیشن مرحلہ وار کی جائے گی۔