ممبئی ، 8 فروری ( یواین آئی ) ممبئی پولیس نے ہریانہ سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نوجوان کو شہر کے کچھ سینما گھروں میں بم دھماکوں کے بارے میں جھوٹی پوسٹ ٹویٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔


پولیس ڈپٹی کمشنر (سائبر) ریشمی کرندیکر نے پیر کو یہاں بتایا کہ بنوری سنگھ نامی ایک نوجوان نے 22 جنوری کو ’کمانڈو سنگھ‘ کے نام سے جعلی ٹویٹ اکاؤنٹ سے کہا تھا کہ ضلع پالگھر میں مالڈ ، اندھیری اور وسائی میں سات ملٹی پلیکسوں میں دھماکے ہوں گے ۔ اس نے ٹویٹ میں ممبئی پولیس اور پولیس کمشنر کو ٹیگ کیا۔ پولیس کے مطابق اس نے اپنے ٹویٹر پوسٹ میں کہا تھا کہ دھماکے سات ملٹی پلیکسوں میں ہوں گے جہاں ہندی فلم ’ میڈم مکھہ منتری‘ شو جاری ہے۔


افسر نے بتایا کہ اس پیغام کے بعد پولیس نے مختلف تھیٹروں کی چھان بین کی اور بعد میں اسے جھوٹا ٹویٹ پایا۔اس دوران ملزم نے اپنے ٹویٹ کو ڈیلیٹ کردیا۔ پولیس کے معاملہ درج کرنے کے بعد سائبر برانچ نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ ملزم کو گذشتہ ہفتے ہریانہ سے گرفتار کیا گیا اور اس کا موبائل فون ضبط کر لیا گیا ہے۔