ملک کے بیشتر حصوں میں ہلکی سے موسلادھار بارش کی پیش گوئی

500

نئی دہلی:گرمی کے ستائے افراد کے لیے اچھی خبر۔ لوگ گرمی سے کچھ راحت کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ محکمہ موسمیات (IMD) نے آنے والے دنوں میں ہندوستان کے بیشتر حصوں میں ہلکی سے موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ خلیج بنگال کے کچھ حصوں میں جنوب مغربی مانسون کے آگے بڑھنے سے اگلے تین دنوں تک بارش کے لیے سازگار حالات پیدا ہوگئے ہیں۔

23 سے 25 مئی کے درمیان گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس کے بعد گرمی میں کمی آئے گی۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کے زیر اثر، شمال مغربی ہندوستان کے بہت سے حصوں میں بنیادی طور پر گرج چمک کے ساتھ یہ بارشیں ہونے کا امکان ہے جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔ ایک ہفتے سے گرمی سے پریشان شہریوں کو آج ریلیف ملے گا۔

ودربھ میں بارش میں اضافہ کا امکان

محکمہ موسمیات نے ودربھ میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آسام اور میگھالیہ کے کچھ حصوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جموں و کشمیر، لداخ، مغربی بنگال، ہماچل پردیش اور سکم میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ہماچل پردیش میں یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں موسم میں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ اس وقت اتراکھنڈ کے کئی حصوں میں موسم خراب ہے۔

کیدارناتھ، تنگناتھ، مدھیمہیشور، کارتک سوامی سمیت بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اتراکھنڈ میں چار دھام یاترا جاری ہے اور خراب موسم کی وجہ سے عقیدت مندوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

کیدارناتھ میں بارش کی وجہ سے عقیدت مندوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ راجدھانی دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں بارش کا امکان ہے۔ اتر پردیش کے کئی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ 26 مئی تک بارش کا امکان ہے۔ اس دوران 40-45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔