ملالہ یوسف زئی ایشیا کے 100 ذہین ترین افراد میں شامل
سنگاپور کے نشریاتی ادارے ‘ایشین ایج’ کے تحت شائع ہونے والے میگزین ‘ایشین جیوگرافک میگزین’ نے ملالہ یوسف زئی کو برصغیر کے 100 ذہین ترین افراد میں شامل کیا ہے۔
ایشین جیوگرافک میگزین ہر سال صنعت، کھیل، شوبز، سماج، سیاست اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں کے ان ایشیائی افراد کی فہرست مرتب کرتا ہے، جن کا سماج میں اثر اور کردار ہوتا ہے۔
میگزین نے 2017 کے ایشیا کے ذہین ترین افراد یعنی ‘آؤٹ اسٹینڈنگ پیپل آف 2017 لسٹ’ کا اجراء کردیا، جن میں پاکستان، بھارت، سنگاپور، چین، ملائیشیا، انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور جاپان سمیت کئی ایشیائی ممالک کے افراد شامل ہیں۔
ایشیا کے 100 ذہین ترین افراد میں پاکستان سے صرف ایک شخصیت امن کا نوبل انعام جیتنے والی ملالہ یوسف زئی کو شامل کیا گیا ہے۔
اسی فہرست میں بھارت سے متعدد افراد کو شامل کیا گیا ہے، اس فہرست میں جہاں بھارتی صحافی اور ناول نگار اروندھتی رائے کا نام شامل ہے، وہیں اس میں ہندوستان کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔