غزہ : مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی حکومت کے مظالم اور تنگ کرنے کے دیگر ہتھکنڈوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق قابض ریاست نے مقبوضہ بیت المقدس کے قصبے کفر عقب میں فلسطینی آبادی کا پانی بند کررکھا ہے، جس کے خلاف ہفتے کے روز مقامی باشندوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ قابض انتظامیہ ان کے علاقے کو پانی کی ترسیل بحال کرے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے وادی اردن کے شمالی علاقے حمصہ الفوقا کے مقام پر قابض اسرائیلی حکام کے ہاتھوں فلسطینیوں کے مکانات اور دیگر املاک کی مسماری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ نیویاک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے کہا کہ فلسطینیوں کی املاک کی مسماری بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اس طرح کے اقدامات سے جغرافیائی طور پر قابل قبول فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ہونے والی کوششوں کو شدید دھچکا لگے گا۔


اپنی رائے یہاں لکھیں