اورنگ آباد:یکم اپریل (ورق تازہ نیوز) اورنگ آباد میں آج شب یہ خبرغم آئی کہ مراٹھواڑہ کے بے باک وسینئر صحافی جناب رفیع الدین رفیع عمر 50 سال ساکن اورنگ آباد کا آج یکم اپریل کو شب سات بجے کے قریب اونگ آباد کے گھاٹی اسپتال میں دوران علاج انتقال ہوگیا ۔

چند روز قبل انکے والد محترم اور اسکے بعد چچا کاانتقال ہونے کی وجہہ سے رفیع الدین صاحب کافی گہرے صدمے میں تھے اوراسی دوران کل انھیں حرکت قلب کادورہ پڑاتھا جس کے بعد گھاٹی اسپتال میں داخل کیاگیاتھا ۔جہاں پرآج شب وہ انتقال کرگئے ۔

وہ ممبئی سے شائع ہونے والے روزنامہ اردو ٹائمز کے لئے اورنگ آباد سے نمائندگی کرتے تھے انھوں نے بے باک وایماندار صحافی کی حیثیت سے اپنی علیحدہ شناخت بنائی تھی ۔

انکے پسماندگان میں اہلیہ‘ تین لڑکے اور ایک لڑکی ہے۔اطلاع کے مطابق انکی تدفین آبائی شہر خلد آباد میں عمل میں آئے گی ۔ ادارہ ”ورق تازہ “اللہ رب العزت سے دعاگو ہے کہ وہ مرحوم رفیع الدین رفیع کواپنے قرب و جوار میں جگہ دے اورلواحقین کو صبرجمیل دے ۔ آمین۔