مظفر پور میں پپو یادو کا اسٹیج منہدم، ہاتھ کی ہڈی ٹوٹی، کئی افراد زخمی

7

مظفر پور۔بہار اسمبلی انتخاب کی تشہیر کے لیے ایک انتخابی جلسہ کے دوران اچانک اسٹیج گر جانے سے سابق رکن پارلیمنٹ پپو یادو کا ہاتھ ٹوٹ گیا ہے۔ اس حادثہ میں کئی لوگوں کے سنگین طور پر زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ حادثہ اسٹیج پر بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کی وجہ سے ہوا۔واقعہ مظفر پور کے مینا پور کا ہے جہاں جن ادھیکار پارٹی کے انتخابی جلسہ میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوئی تھی۔ اپنی پارٹی کے انتخابی جلسہ میں پپو یادو بھیڑ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران اسٹیج پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔ تبھی اچانک اسٹیج بھربھرا کر گر پڑا جس سے پپو یادو سمیت اسٹیج پر موجود لوگ نیچے جا گرے۔ اس دوران پپو یادو پر کئی لوگ گر گئے جس کی وجہ سے انھیں ہاتھ میں کافی چوٹ آئی ہے۔

حادثہ کے فوراً بعد پپو یادو کا مقامی اسپتال میں ابتدائی علاج کرایا گیا۔ بعد ازاں پپو یادو نے کہا کہ لوگوں کی محبت اور دعاؤں کے سبب انھیں زیادہ چوٹ نہیں آئی۔ انھوں نے کہا کہ جلد ہی صحت مند ہو کر وہ عوام کے درمیان لوٹیں گے۔ابھی تک کی اطلاع کے مطابق اسٹیج پر لوگوں کی صلاحیت سے زیادہ بھیڑ ہو جانے کے سبب اسٹیج بھربھرا کر گر پڑا۔ واضح رہے کہ انتخابی تشہیر کے دوران اسٹیج ٹوٹنے کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔