قاہرہ : مصر میں 13 مسافروں کو لے جانے والا سائیکل رکشہ دریائے نیل کی ایک نہر میں جا گرا جس کے نتیجے میں 8 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر میں ایک فیکٹری سے 13 افراد اپنے گھروں کو جانے کے لیے سائیکل رکشہ میں سوار ہوئے تاہم گنجائش سے زیادہ مسافروں کی وجہ سے رکشہ بے قابو ہوکر نہر میں جا گرا۔ ریسکیو ادارے کے غوطہ خوروں نے 5 افراد کو نہر سے زندہ نکال لیا تاہم 8 بچے ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ بچوں کی عمریں 12 سے 15 سال کے درمیان تھیں اور وہ غربت کے باعث قریبی فیکٹری میں ملازمت کیا کرتے تھے۔