مصری شیف نے گوشت کا متبادل بنا لیا، سونا بنانے کا طریقہ کیا ہے؟ صارفین کا استفسار
مصر میں ان دنوں لوگ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے ضرورت کی غیر معمولی قیمتوں کی وجہ سے پریشان ہیں۔بہت سے لوگ مہنگی اشیائے خوردونوش جیسے کہ گوشت اور مچھلی کی آسمان کو چھوتی ہوئی قیمتوں کے باعث ان کا استعمال ترک کر رہے ہیں یا پھر ایسے متبادل ڈھونڈتے ہیں جو کسی حد تک کم مہنگے ہوں۔اسی دوران ایک مصری شیف نے گوشت کا ایک گھریلو متبادل پیش کیا۔ جو گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے موضوع بحث بن گیا۔شیف رشا نے ایک ویڈیو پیش کرکے ہلچل مچا دی
جس میں وہ میدہ (آٹا) اور دیگر عام میسر آنے والے اجزاء سے گوشت بناتی ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ اس گھریلو گوشت کا ذائقہ لاجواب ہے اور اس کی ساخت عام گوشت کی طرح ہے۔قیمت کے حوالے سے ان کا دعوی تھا کہ یہ عام گوشت سے بہت سستا ہے۔ یہ گھر پر بننے والا گوشت ایک کلو صرف 25 پاؤنڈ میں بنتا ہے، جبکہ قدرتی گوشت 300 پاؤنڈ فی کلو تک ہے۔
گھر میں گوشت بنانے کے لیے، انہوں نے مخصوص مقدار میں آٹا، ایک چمچ تیل، ایک چمچ یخنی یا چکن پاؤڈر، اور کھانے کا سرخ رنگ استعمال کیا، اور کہا کہ اسے شوارما یا کباب کے طور پر پکایا جا سکتا ہے۔مصری شیف کی ویڈیو مصر میں سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی۔بہت سے لوگوں نے طنزا ان سے پوچھا کہ گھر میں مچھلی کیسے بنتی ہے؟
اور بعض نے استفسار کیا سونا کیسے بنایا جاتا ہے۔بہت سے لوگوں نے اس پر تنقید کرتے ہوئے گوشت کے دیگر قدرتی متبادلات جیسے کہ مشروم، یا پروٹین سے بھرپور پھلیاں وغیرہ کے استعمال کا مشورہ دیا۔