قاہرہ : دوسروں کے خلاف کیسز کے فیصلے سنانا تو ججوں کا کام ہے مگر کوئی جج اپنے ہی خلاف فیصلہ سناتے ہوئے خود کو جرمانہ کی سزا سنائے یہ حیران کن ہے مگر مصر میں ایک عدالت کے جج نے خود کو سزا دے کر سب کو حیران کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سٹیٹ کونسل کے وائس چیئرمین جسٹس محسن کلوب نے ایک کیس کی سماعت کے دوران اپنے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود کو جرمانے کی سزا سنائی۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق اسوان میں قائم انتظامی عدالت کے جج نے خود کو پانچ سو مصری پاؤنڈ جرمانہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے موبائل فون کی گھنٹی بج اٹھی جس کے نتیجے میں ان کی توجہ مقدمہ سے ہٹ گئی۔ انہوں نے فوراً خود کو اس کا قصور وار قرار دیتے ہوئے پانچ سو پاؤنڈ کا جرمانہ کر دیا۔جسٹس محسن کلوب کے اس اقدام پر دوسرے جج صاحبان، وکلا اور عام شہری بھی حیران رہ گئے کہ ایک جج مقدمات کی سماعت میں اس حد تک سنجیدہ ہے کہ اپنے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود ہی کو مستوجب سزا قرار دیتا ہے۔خیال رہے کہ جسٹس کلوب دوسرے جج حضرات اور وکلا کو مقدمات کی سماعت کیدوران اپنے فون بند رکھنے کی تاکید کرتے رہتے ہیں۔


اپنی رائے یہاں لکھیں