مسلم طالب علم نے بھگوت گیتا مقابلہ میں پہلا انعام جیتا

جے پور، 8فروری (یو این آئی) راجستھان میں جے پور میں سنگانیر کے ایک مسلم طالب علم نے بھگوت گیتا مقابلہ میں پہلا انعام جیت لیا۔ہرے کرشنا مشن نے اکشئے پاتر فاونڈیشن کے ساتھ مل کر بھگوت گیتا پر مقابلہ کا انعقاد کرایا تھا۔ اس میں پانچ ہزار سے زیادہ بچوں نے حصہ لیا تھا۔ تین دن تک چلنے والے اس مقابلے میں عبدالقاضی (16) نے اس میں پہلا مقام حاصل کیا۔

عبدالقاضی سنگانیر کے پرتاپ نگر علاقے میں سینئر سیکنڈری اسکول کا طالب علم ہے۔ اس کے گھر کے پاس ہی مسجد ہے جہاں وہ نماز پڑھنے جاتاہے۔اس کا کہنا ہے کہ اس کے والد نے بتایا کہ تمام مذاہب یکساں تعلیم دیتے ہیں اور تمام کا مقصد امن او رخیر سگالی کو برقرار رکھنا ہے۔ قاضی کو اس کی کامیابی پر وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سنگھ کھاچریاواس کے ہاتھوں کل اتوار کو انعام سے نوازا جائے گا۔