مسلمان شریعت کے تحفظ کیلئے پابند عہد: سید معین

0 11

ناندیڑ: 2جنوری ( ورق تازہ نیوز) بی جے پی کی مرکزی و ریاستی حکومتیں ہر محاذ پر ناکام ہوگئی ہیں۔ آر ایس ایس کا غلبہ رکھنے والی بی جے پی کی مرکزی و ریاستی حکومتوں نے اس ملک میں مسلمانوں کا، دلتوں کا جینا دوبھر کررکھا ہے۔ یہی طرز عمل سابق یو پی اے حکومت میں مسلمانوں اور دلتوں کے ساتھ روا رکھا گیا تھا لہٰذا اب ضرورت اس بات کی ہے کہ بی جے پی، کانگریس کے متبادل کے طور پر متوقع تیسرے محاذ کے امیدواروں کو کامیاب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پردیش کارگزار صدر سماج وادی پارٹی جناب سید معین نے اردھاپور میں ایک عظیم الشان جلسہ حالات حاضرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گزشتہ دنوں سماج وادی پارٹی کی جانب سے اردھاپور میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔ شدید سردی کے باوجود محبان سماج وادی کی ایک کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ سید معین کے اردھاپور پہنچنے پر ان کا زبردست خیر مقدم کیا گیا اور جا بجا گلپوشی کی گئی۔ اسی جلسہ میں سید معین نے اردھاپور تعلقہ صدر سماج وادی پارٹی کی حیثیت سے شاکر پٹھان کو نامزد کیا۔ اس موقع پر ضلع صدر سماج وادی پارٹی الطاف سر، نائب صدر شیخ احمد صاحب، شہر صدر شیخ نذیر، شمال شہر صدر محسن سنار، ترجمان سماج وادی پارٹی محمد راشداللہ صدیقی وغیرہ موجود تھے۔ جلسہ کی صدارت مظفر پٹھان نے کی۔ سید معین نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مرکزی حکومت کو انتباہ دیا کہ شریعت میں مداخلت کی کسی بھی کوشش کو سماج وادی پارٹی ناکام بنادے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے گھروں میں دخل اندازی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پارلیمنٹ میں طلاق ثلاثہ بل کے پس منظر میں سید معین نے کہا کہ اسلام نے صحیح زندگی گزارنے کے لئے واضح احکامات دئے ہیں اور ان احکامات میں نہ تو کوئی تبدیلی کرسکتا ہے اور نہ اس میں تحریف۔ سماج وادی پارٹی کو ایک سیکولر پارٹی قرار دیتے ہوئے سید معین نے کہا کہ فرقہ پرستوں اور نام نہاد سیکولر جماعتوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت صرف اور صرف سماج وادی پارٹی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے ایام میں ناندیڑ ضلع میں سماج وادی پارٹی اپنے وجود کا احساس دلائے گی۔ نہ صرف پارلیمانی بلکہ اسمبلی انتخابات میں بھی سماج وادی پارٹی مہاراشٹر میں اپنی جڑوں کو مضبوط کرے گی۔ سید معین کے بموجب سماج وادی پارٹی مظلوم و محروم انصاف طبقات کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اردھاپور تعلقہ سماج وادی پارٹی مجلس عاملہ تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے ریاستی سربراہ جناب ابو عاصم اعظمی کے نظریات و خیالات کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لئے کارکنان کو شدید محنت کرنی چاہئے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کانگریس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔