ریاض : سعودی عرب نے سویڈن میں چند شدت پسندوں کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی اور مسلمانوں کے خلاف اکسانے کی مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں مکالمے، بقائے باہمی اور برداشت جیسی اقدار کی اہمیت پر زور دیا ہے۔بیان میں نفرت، شدت پسندی اور بے دخلی کو مسترد کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تمام مذاہب اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کو روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا ہے۔خبر رساں ادارے رائیٹرز نے سویڈن کی مقامی نیوز ایجنسی ٹی ٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت سٹاک ہوم کے مضافاتی علاقے رنکیبی میں جمعے کو ’ہارڈ لائن‘ نامی سیاسی جماعت کے ڈینش رہنما راسمس پلودن نے قرآن نذر آتش کیا تھا جس کے بعد کئی شہروں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ سویڈن کی وزیراعظم میگڈالینا اینڈرسن نے پر تشدد واقعات کی مذمت کی ہے۔