مسلمانوں کے تعلق سے بی جے پی کے ایم ایل سی کامتنازعہ بیان
لکھنو: بی جے پی کے ایم ایل سی بکل نواب نے جمعرات کو بھگوان ہنومان کو لے کر متنازع بیان دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے نام ہی رحمان ، سلطان ، عمران ، ذیشان ، ریحان جیسے ہوتے ہیں اور اسی طرح ہنومان نام بھی مسلمان ہے۔ ہندووں میں آپ کو ایسے نام نہیں ملیں گے ، صرف ہنومان نام ملے گا ، اس لئے بھگوان ہنومان مسلمان تھے۔بکل نواب نے کہا کہ تقریبا 100 نام ایسے ہیں ، جو ہنومان پر ہی مبنی ہیں۔ ہندو بھائی ہنومان نام رکھ لیں گے ، لیکن سلطان نہیں ملے گا ، ارمان ، رحمان ، رمضان نہیں رکھ سکتے۔ بتادیں کہ اس سے پہلے یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی ہنومان کو لے کر قابل اعتراض بیان دے کر تنازع میں پھنس چکے ہیں۔
یوگی نے راجستھان کے الور میں ایک ریلی میں بولتے ہوئے بھگوان ہنومان کو دلت بتایا تھا۔ادھر بکل نواب کے اس بیان پر سیاست بھی تیز ہوگئی ہے۔ سماجوادی پارٹی کے ایم ایل سی راج پال کشیپ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی اور وزرا سبھی بھگوان ہنومان کی ذات بتانے پر لگے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلی یوگی بجرنگ بلی کو دلت بتاتے ہیں۔ ان کے ایک وزیر انہیں جاٹ کہہ دیتے ہیں ، اب بکل نواب ہنومان کو مسلمان بنارہے ہیں۔ یہی نہیں ، نائب وزیر اعلی دنیش شرما سیتا جی کو ٹیسٹ ٹیوب بے بی کہہ چکے ہیں۔ اب تو سرکار میں ہی اتحاد نظر نہیں آرہا ہے۔