مسلح افراد نے شبوہ میں گیس لائن دھماکے سے اڑا دی

صنعاء: یمن کے جنوب مشرق میں واقع شبوہ صوبے میں نا معلوم مسلح افراد نے صحرائی علاقے النشیمہ میں مائع قدرتی گیس کی لائن کو دھماکے سے اڑا دیا۔میڈیاکے مطابق اتوار کے روز نشانہ بنائی گئی گیس پائپ لائن مارب صوبے میں صافر کمپنی کی فیلڈز سے لے کر شبوہ صوبے میں بلحاف کی بندرگاہ تک پھیلی ہوئی ہے۔ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا نہایت زور دار تھا۔ اس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ واضح رہے کہ یہ پائپ لائن کئی برس سے کام نہیں کر رہی۔یاد رہے کہ شبوہ صوبے میں تیل اور مائع گیس کی پائپ لائنوں کو مسلسل دھماکوں اور تخریبی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان واقع ہوتا ہے۔