مسجد نبوی میں موسلادھار بارش کے دوران اذان کی خوبصورت آواز

2,636

مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں باران رحمت برسنے کے روح پرور مناظر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ ایک بار پھر اپنی جانب مبذول کرالی ہے حرمین شریفین کے فیس بک پیج پر مسجد نبوی ﷺ اور خانہ کعبہ میں برستی بارش کے خوبصورت مناظر کو دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں جہاں ایک طرف خانہ کعبہ پر برستی بارش کی بوندیں دیکھنے والے کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں تو دوسری جانب مسجد الحرام میں موجود زائرین کو بارش میں خانہ کعبہ کا طواف کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ایک دوسری ویڈیو میں مسجد نبوی ﷺکے خوبصورت مناظر کو دکھایا گیا ہے جس میں بارش نے مسجد نبوی ﷺکی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اتوار یکم جنوری سے آئندہ جمعہ تک مملکت کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے‘۔ بیان میں کہا گیا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں جدہ اور رابغ سمیت متعدد علاقوں، الباحہ، قصیم، مدینہ منورہ، الجوف، حائل اور ریاض کے بعض علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔ قومی مرکز کا کہنا ہیکہ رواں ہفتے منگل اور چہارشنبہ کو تبوک کے بالائی علاقہ اورالجوف و شمالی حدود کے بعض علاقوں میں برفباری کی بھی توقع ہے۔ میڈیا کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بارش کے پیش نظر شہریوں اور غیرملکیوں سے احتیاط کی اپیل کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مکہ ریجن بارش کی زد میں رہے گا۔

سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نےمکہ، جدہ اور رابغ میں بارش کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کی کمشنریوں میں بارش کا سلسلہ پیر کی سہ پہر تک جاری رہنے کا امکان ہے‘۔

قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’بارش کے حوالے سے ہائی الرٹ کا تعلق مکہ مکرمہ، جدہ، الخرمہ، المویہ، تربہ، رنیہ، اضم، میسان، طائف، الکامل، رابغ، خلیص، عسفان، الجموم، بحرۃ، اللیث اور الشعیبہ سے ہے‘۔