ریاض : مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺکے صحنوں میں نصب ضخیم چھتریاں زائرین اور نمازیوں کو دھوپ اور بارش سے بچاتی ہیں اور مسجد کے صحنوں میں ان افراد کے لیے پر سکون ماحول فراہم کرتی ہیں۔ مسجد نبوی کے صحنوں کے لیے خاص طور پر تیار کی جانے والی ان چھتریوں میں جدید ترین ٹکنالوجی اور اعلی ترین معیار کے مواد کا استعمال کیا گیا ہے۔ ان چھتریوں کو دو مختلف اونچائی کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے تا کہ کھلنے کے بعد یہ ایک دوسرے میں پیوست ہو سکیں۔ ان میں ایک چھتری کی بلندی 14 میٹر اور 40 سینٹی میٹر جب کہ دوسری چھتری کی بلندی 15 میٹر اور 30 سینٹی میٹر رکھی گئی ہے۔ بند ہونے کی صورت میں تمام چھتریوں کی بلندی 21 میٹر اور 70 سینٹی میٹر ہوتی ہے۔مسجد نبوی کے صحنوں میں لگائی گئی چھتریوں کی تعداد 250 ہے۔ چھتریوں کے مجموعی رقبے کا حجم 1.43 لاکھ مربع میٹر ہے۔ ان 250 چھتریوں کے نیچے 2.28 لاکھ نمازیوں کی گنجائش ہے۔ ایک چھتری کا حجم (25.5 میٹر x 25.5 میٹر) ہے۔یہ چھتریاں 436 چھڑکاؤ والے پنکھوں پر مشتمل ہیں۔ان پنکھوں کو چھتریوں کے کناروں پر نصب کیا گیا ہے۔