مکہ مکرمہ : مسجد الحرام میں عصری سہولتیں مہیا کرانے کے معاملے میں سعودی حکومت ہمیشہ سرگرم رہی ہے ۔ وقفہ وقفہ سے حرمین شریفین کو دنیا بھر کے فرزندان توحید کیلئے سہولت بخش بنانے عصری سہولتوں سے استفادہ کیا جاتا ہے ۔ اس سلسلہ کی کڑی کے طور پر مسجد الحرام ، اس کے فلورس ، اس کے صحن اور اس کے اطراف و اکناف تقریباً 7500 اسپیکروں پر مشتمل جدید ساؤنڈ سسٹم لگایا گیا ہے ۔ اس کے ذریعہ اذاں کی آواز اور امام کی قرأت کی سماعت کا لطف دوبالا ہوگیا ہے ۔ حرمین شریفین کے امور انجام دینے والے ادارے کے ڈائرکٹر جنرل محسن السلامی نے بتایا کہ مسجد الحرام کا جدید ساؤنڈ سسٹم دنیا میں استعمال کئے جانے والے سب سے بڑے ساؤنڈ سسٹم میں سے ہے ۔ یہ خاص حساسیت کی سطح پر کام کرتا ہے جو مسجد الحرام کی خصوصی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم سے آواز جدید آلات کے ذریعہ منتقل ہوتی ہے اور سماعت میں الفاظ صاف صاف سنے جاسکتے ہیں ۔ اس سسٹم کی یہ بھی خاصیت ہے کہ ایمرجنسی حالات میں بھی یہ فیل نہیں ہوتا بلکہ بنیادی بیک اپ کی مدد سے بدستور کام کرتا ہے ۔ اگر اصل سسٹم میں کچھ خرابی پیدا ہوجائے تب بھی ساؤنڈ سسٹم بالکلیہ مفلوج نہیں ہوتا بلکہ فوری اشارہ مل جاتا ہے اور 65 سے زیادہ خاص تربیت یافتہ اسٹاف کو فوری مرمت کیلئے وقت مل جاتا ہے ۔ اس سسٹم کے ذریعہ انٹر کام کی سہولت بھی مہیا کرائی جارہی ہے ۔


اپنی رائے یہاں لکھیں