(قدرت روزنامہ)سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں افطار کے اجتماعات اور اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی . سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق دونوں مساجد کے امور کے سربراہ شیخ عبد الرحمٰن السدیس نے کہا کہ ایوان صدر مسجد الحرام میں نمازیوں کو افطاری کے لیے تیار کھانا فراہم کرے گا جبکہ مسجد نبوی ﷺ میں سحری کی اجازت نہیں ہو گی .

مزید پڑھیں: عمرے کیلئے مسجد الحرام کے دروازے کھول دیے گئے دونوں مساجد کے احاطے اور صحن میں کسی کو بھی کھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سب کو انفرادی طور پر کھانا فراہم کیا جائے گا. تحریر جاری ہے‎ آبِ زم زم کے کولر بھی دستیاب نہیں ہوں گے اور روزانہ کی بنیاد پر 2 لاکھ آب زم زم کی بوتلیں فراہم کی جائیں گی. اس کے علاوہ جو لوگ مسجد الحرام میں روزہ کھولنے کے خواہاں ہوں گے، انہیں صرف اپنے لیے کھجور اور پانی لانے کی اجازت ہوگی اور کسی بھی فرد سے شیئر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی. شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے اس سال رمضان کے حوالے سے منعقدہ سالانہ اجلاس میں جامع منصوبے اور اقدامات کا اعلان کیا. اجلاس کے دوران عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ رمضان کے دوران احتیاطی تدابیر کے ذریعے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے پر توجہ دی جائے گی، ان تدابیر میں ویکسین لگوانا، سماجی فاصلہ رکھنا اور ماسک پہننا شامل ہے تاکہ زائرین اور نمازیوں کی صحت اور حفاظت کا خیال رکھا جا سکے. .

انہوں نے مزید کہا کہ ایوان صدر عازمین اور نمازیوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے ‘مکمل طور پر تیار’ ہے. تیاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ مطاف کا علاقہ صرف عمرہ زائرین کے لیے مقرر کیا جائے گا اور نماز ادا کرنے کے لیے مسجد الحرام اور اس کے مشرقی صحن کے اندر پانچ علاقے مقرر ہوں گے جبکہ خصوصی افراد کے لیے الگ سے نماز کی ادائیگی کا ایک حصہ ہوگا. ایوان صدر کے سربراہ نے مزید کہا کہ مسجد الحرام میں مترجم موجود ہوں گے جو نمازیوں کے سوالات اسکالرز تک پہنچائیں گے اور فتووں کا ترجمہ کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ خطبہ جمعہ کے دوران اشاروں کی زبان میں ترجمانی کرنے والے بھی موجود ہوں گے. عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ ان سب تدابیر کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو انوکھے تجربہ فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صحت کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے عبادات کرسکیں گے. انہوں نے کہا کہ میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے تمام مہمانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کووڈ-19 کی ویکسین لگوا لیں تاکہ وہ اپنی اور دیگر نمازیوں اور زائرین کی حفاظت یقینی بناسکیں.