ریاض: سعودی عرب میں یومیہ کوروناکیسز میں نمایاں کمی کے بعد 2 سال بعد مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں اعتکاف کی اجازت دیدی گئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق رواں برس ماہ رمضان کی مبارک سعادتوں کو عبادات اور اذکار سے سجانے کے لیے سعودی عرب میں مقدس مقامات کی خدمات پر مامور کمیٹی نے اہم فیصلے کیے ہیں۔ان کے تحت رمضان المبارک میں عمرے اور عبادات کی بغیر کسی پابندی کے مکمل اجازت دیدی گئی ہے۔ اللہ کے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تمام کورونا سفری پابندیاں بھی ختم کردی گئی ہیں۔2 سال سے فرزندگان توحید بیت الحرام اور روضہ نبویؐ میں اعتکاف پر بیٹھنے کے لیے بے چین تھے تاہم اب یہ انتظار ختم ہوا اور سعودی حکومت نے اس سال اعتکاف کی اجازت دیدی ہے۔