مرکز کی منکی پوکس پر ریاستوں کو رہنما ہدایات

0 26

نئی دہلی، 31 مئی (یو این آئی) بیرونی ممالک میں منکی پوکس کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے اس سے نمٹنے کے لیے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایات جاری کی ہیں۔صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے منگل کو یہاں کہا کہ کئی ممالک میں منکی پوکس کے بڑھتے ہوئے معاملات کی اطلاعات ہیں۔ مرکزی حکومت نے اس سے نمٹنے کے لیے فعال اقدامات کیے ہیں اور اس کی روک تھام اور علاج کے لیے اقدامات کرنے کو یقینی بنایا ہے۔ ان سے متعلق تفصیلی رہنما ہدایات وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔


وزارت نے کہا ہے کہ ملک میں اب تک منکی پوکس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔رہنماہدایات کے مطابق منکی پوکس کے کسی بھی کیس کی تصدیق ڈی این اے سکوینس سے کی جا سکتی ہے۔ تمام مشتبہ کیسوں کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی پونے لیبارٹری میں بھیجا جانا چاہیے۔ اگر کوئی مشکوک معاملہ سامنے آتا ہے تو پوری چوکسی اختیار کی جائے اور ان کی شناخت کو یقینی بنایا جائے۔ مریض کو الگ تھلگ رکھا جائے اور نقل و حمل کے لیے خصوصی ایمبولینس کا استعمال کیا جائے۔ آئسولیشنکے دوران تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ مریض کی روزانہ کی بنیاد پر 21 دن تک نگرانی کی جانی چاہئے۔


ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ضلع اور بلاک کی سطح پرمنکی پوکس کے بارے میں بیداری پھیلائیں۔ مریض کے رابطے میں آنے والے افراد پی پی ای کٹ استعمال کریں۔ جمہوریہ کانگو، گبون، لائبیریا، نائیجیریا اور سیرا لون میں منکی پوکس کے کیسز وبائی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکہ، برطانیہ، بیلجیم، فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، پرتگال، اسپین، سویڈن، آسٹریلیا، کینیڈا، آسٹریا، اسرائیل اور سوئٹزرلینڈ میں منکی پوکس کے معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزارت نے کہا ہے کہ پوری صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔