مرکزی وزیر کی کار حادثہ کا شکار ، اہلیہ اور پی اے ہلاک

بنگلورو : مرکزی مملکتی وزیر دفاع و آیوش سری پد نائیک کی کار اُتر کرناٹک ضلع کے انکولا کے ایک گاؤں میں حادثہ کا شکار ہوگئی جس میں مرکزی وزیر کی 55 سالہ اہلیہ وجیا نائیک اور اُن کا پرسنل اسسٹنٹ ہلاک ہوگئے جبکہ مرکزی وزیر اس حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق مرکزی وزیر کی اہلیہ کے سر پر گہرے زخم آئے اور دواخانہ منتقل کرنے کے دوران وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ پرسنل اسسٹنٹ دیپک انکولا کے ہاسپٹل میں دوران علاج فوت ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ مرکزی وزیر کی حالت مستحکم ہے اور علاج کے لئے اُنھیں گوا میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے ۔ پیر کی صبح یلاپور میں مرکزی وزیر اپنے چار ارکان خاندان کے ساتھ مندر کے درشن کے بعد اُتر کنڑا کے گوکرنا مقام کے لئے روانہ ہوئے تھے ۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ اُن کی کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر پلٹ گئی تھی ۔ دیگر زخمیوں کو پولیس کی گاڑی میں انکولا کے دواخانوں میں منتقل کیا گیا ۔ اُن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ انکولا پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے گوا کے چیف منسٹر سے بات کرکے سری پد نائیک کیلئے مناسب علاج کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر ضرورت ہو تو اُنھیں دہلی منتقل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کرناٹک بی ایس یدی یورپا نے مرکزی وزیر کی اہلیہ کی موت پر اظہار تعزیت کیا ۔

Leave a comment