Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سابق صدر حافظ محمد یحیی دہلوی اب ہمارے بیچ نہیں رہے ..

 آپ کی رحلت ملک وملت اور جماعت وجمعیت کا ایک ملی وجماعتی خسارہ :مولانا عاطف سنابلی

ممبئئ:مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سرپرست اور سابق قومی صدر جناب حافظ محمد یحیی دہلوی صاحب آج بتاریخ 22 نومبر 2020 صبح تقریبا 9 بجے طویل علالت کے بعد داعی اجل کو لبیک کہ گئے..آپ کی شخصیت محتاج تعارف نہیں،ملک وملت،جماعت وجمعیت کے لیے آپ کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، آپ کے دور صدارت میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی سرگرمیوں کو وسعت و حرکت ملی،آپ کی رہنمائی وقیادت میں مرکزی جمعیت اہل حدیث، ہند نے دینی،دعوتی،تعلیمی ،تربیتی، تنظیمی ورفاہی اور قومی وملی کارنامے انجام دینے میں کافی کامیابی حاصل کی .
آپ کے انتقال اور وفات حسرت آیات کی اطلاع دیتے ہوئے ان باتوں اور خیالات کااظہار مولانا محمد عاطف سنابلی امام وخطیب جامع مسجد اہل حدیث خیرانی روڈ ساکی ناکہ ممبئی نے کیا،

مولانا نے اپنے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رحلت جماعت اور تنظیم کے لئے ایک بڑا صدمہ ہے، آپ نہایت متقی و پرہیزگار تھے اور صوم و صلاة کی پابندی کے علاوہ تہجد گزاری بھی زندگی بھر آپ کا معمول رہا۔نماز جنازہ کل مورخہ ۲۲ نومبر بروز اتوار مسجد مدرسہ والی کشن گنج دہلی میں بعد نماز عصر اور قبرستان شری پورہ میں چاربجے شام کو ادا کی گئی، دعا کرتے ہوئے مولانا عاطف سنابلی نے کہا کہ الله تعالی آپ کی نیکیوں اورخدمات کو شرف قبولیت بخشے، تمام خدمات کو صدقہ جاریہ بنائے، بشری لغزشوں کو معاف فرما کر جنت الفردوس کا مکین بنائے، آمین۔ جمله پسماندگان، خصوصا آپ کے صاحبزادگان وجملہ اہل خانہ، احباب واقارب كو صبر جمیل کی توفیق عطا کرے، اور جمعیت وجماعت کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین