مرد دوست کو بلیک میل کرنے والی عورت گرفتار

0 102
10 لاکھ روپئے ادا نہ کرنے پر عصمت ریزی کا الزام لگانے کی دھمکی

نوئیڈا ( یوپی ) ۔ 5 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) گریٹر نوئیڈا میں ایک شخص کو 10 لاکھ روپئے ادا نہ کرنے پر عصمت ریزی کے جھوٹے الزامات کے تحت پھنسانے کی دھمکی کے ساتھ مبینہ بلیک میلنگ کرنے والی عورت کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے کہاکہ یہ واقعہ سورج پور پولیس اسٹیشن کے تحت لکھنا والی گاؤں میں پیش آیا ۔ ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے کہاکہ ملزمہ اور اس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروانے والا شخص کچھ عرصہ تک ایک دوسرے کے دوست رہے تھے ۔ اس عورت نے مختلف موقعوں پر اس شخص سے رقم طلب کی تھی ۔ سورج پور کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر منیش چوہان نے کہاکہ یہ شخص 11 اکتوبر کو پولیس سے رجوع ہوا تھا اور دعویٰ کیا تھاکہ اس عورت نے 10 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ رقم نہ دینے پر اُس (شخص) کو عصمت ریزی کے جھوٹے مقدمہ میں پھنسادیا جائے گا۔ پولیس نے شکایت درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اس دوران ان دونوں کے درمیان تبادلہ کئے گئے میسجس بھی دیکھے گئے ۔ دھمکی دینے والی عورت کے خلاف ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی دفعہ 388 (سزائے موت یا عمر قید کی سزاء کے مستوجب الزامات عائد کرنے کی دھمکی کے ذریعہ جبری وصولی کی کوشش ) ، دفعہ 506 ( مجرمانہ دھمکی ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر نے کہاکہ اس عورت کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس کو 21 دن تک عدالتی تحویل میں دیدیا گیا۔