مراٹھی مضمون نویسی مقابلہ میں عبدالبشیر کو انعام اول
ناندیڑ:23اکتوبر ۔(ورقِ تازہ نیوز)اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والے افراد کسی سے کم نہیں ہوتے۔وہ مختلف شعبوں میں اپنی ذہانت، قابلیت، کارکردگی سے اپنا، اپنی قوم، اپنے ملک کانام روشن کرتے ہوئے دوسروں کیلئے ایک مثال بنتے ہیں۔ایسی ہی ایک شخصیت کانام ہے عبدالبشیر۔اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والےعبدالبشیر نے ایس آرٹی یونیورسٹی کے مراٹھی زبان مضمون نویسی مقابلہ میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ سرفہرست رہنے کا اعزاز بھی حاصل کیاہے۔ سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی ناندیڑ کے 32 ویں یوم تاسیس کے ضمن میں یونیورسٹی کے تمام تدریسی وغیرتدریسی عملہ کیلئے مختلف مقابلہ جات کااہتمام کیاگیاتھا جو 6 تا12ستمبر کے درمیان منعقد کیے گیے تھے. جس میں مراٹھی زبان میں مضمون نویسی کا بھی مقابلہ تھا. جس کا عنوان ” بچوں کی تعلیم میں والدین کا کردار ” تھا. اس مقابلہ میں یونیورسٹی کے تدریسی وغیرتدریسی عملہ نے حصہ لیا جن میں اکثریت مراٹھی میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والوں کی تھی. وہیں اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والے جناب عبدالبشیر عبدالمجید (یونیورسٹی ڈاٹا آپریٹر) نے بھی حصہ لیتے ہوئے بزبان مراٹھی اپنی ذہانت، قابلیت کے ایسے جوہردکھائے کہ مراٹھی زبان کے شرکائے مقابلہ کو پیچھے چھوڑ انعام اول کے حقدار قرارپائے. بعدازیں ایک تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر جناب دلیپ مہسیکر کے ہاتھوں عبدالبشیر کو مومنٹو اور سرٹیفکیٹ دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی. جناب عبدالبشیر کی اس قابل تقلید کارکردگی وکامیابی پر جناب محمد مظہرالدین (پریزیڈنٹ، بانو ایجوکیشن ویلفیئر سوسائٹی، ناندیڑ ) اور خان ندیم پرویز (لیکچرار، وسنت راو¿ سینئر کالج ناندیڑ)، عزیز واقارب، دوست احباب نے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے.