مراٹھواڑہ: آٹھوں اضلاع میں اب صرف ناندیڑ محفوظ، پربھنی میں ایک ، اورنگ آباد میں 3 نئے مصدقہ مریض

اورنگ آباد : 16 اپریل (یو این آئی)ابتک محفوظ اور کل ہی حکومت کی جانب سے ‘گرین زون’ میں ظاہر کیے گئے پربھنی ضلع میں آج ایک شخص کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد اب مراٹھواڑہ کے آٹھوں اضلاع میں صرف ناندیڑ ضلع ہی ایک ایسا ضلع بچا ہے جہاں پر ابتک کوویڈ -19 پازیٹیو کا کوئی بھی مریض نہیں پایا گیا۔

پربھنی کے ایم آئی ڈی سی علاقہ میں رہنے والا یہ شخص 15 دن قبل پونہ سے پربھنی واپس آیاتھا۔طبیعت خراب ہونے پر اسے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھا ۔ آج اس کی روپورٹ مثبت آنے پر ضلع میں تشویش اور خوف پھیل گیا ہے۔کوویڈ -19 سے علاقہ مراٹھواڑہ بری طرح متاثر ہوتا جا رہاہے۔آج اورنگ آباد شہر میں 3 اور افراد کی کورونا وائرس پازیٹیو رپورٹ ملنے سے کھلبلی مچ گئی ہے۔ اور نگ آباد میں مریضوں کی تعداد میں لگا تار اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب یہ تعداد 28 ہو گئی ہے۔

آج جو 3 نئےمریض ملے ہیں ان میں بسم اللہ کالونی کی ایک 65 سالہ خاتون شامل ہے۔ اس سے قبل کل شہر کے بائیجی پورہ علاقے کے ایک 17 سالہ نوجوان کی رپورٹ مثبت آئی تھی، آج اس کی والدہ جو حاملہ بتائی جا رہی ہیں انکی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔ اسی طرح کراڑ پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان کی رپورٹ بھی مثبت آنے سے صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے اور تاکید کی جا رہی ہے کہ عوام حالات کی سنگینی کو محسوس کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ انتہائی شدید ٖضرورت پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔بصورت دیگر سخت کاروائی کی جائے گی۔