مراٹھا ریزرویشن تحریک کے دوران جالنہ میں تشدد، بسوں میں توڑ پھوڑ، 42 پولیس اہلکار زخمی
ممبئی: مہاراشٹر کے جالنا ضلع میں مراٹھا ریزرویشن کے مطالبے پر جاری احتجاج جمعہ کو پرتشدد ہو گیا جس میں پولیس افسران سمیت درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے ضلع کی امباڈ تحصیل میں دھولے-سولاپور روڈ پر بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے۔
پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین مشتعل ہو گئے۔ انہوں نے دھولے-جالنا ہائی وے پر کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی اور بسوں کو آگ لگا دی۔ تشدد کے دوران 42 پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے آج بروز ہفتہ (2 ستمبر) نندوربار، بیڈ اور جالنا میں بند کی کال دی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے امن کی اپیل کی اور تشدد کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ خیال رہے کہ مراٹھا ریزرویشن کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین منگل سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے۔