مرادآباد میں لو جہاد کیس، مسلم لڑکا گرفتار
مرادآباد (یوپی): لو جہاد کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے۔ پولیس نے عمران منصوری کو حراست میں لے لیا جس نے ایک ہندو لڑکی کو پھانسنے خود کو ہندو لڑکا راہول گجر ظاہر کیا۔لڑکے کو مرادآباد کے بدھ بازار علاقہ کی ایک ہوٹل سے پکڑلیا گیا۔ ملزم کے خلاف درج ایف آئی آر میں پوکسو ایکٹ بھی لگادیا گیا۔ اطلاعات کے بموجب ملزم نے راہول گجر کے نام سے فیک انسٹاگرام آئی ڈی بنائی اور 12 ویں جماعت میں پڑھنے والی ہندو لڑکی سے بات چیت شروع کی۔
بعدازاں اس نے لڑکی کو محبت کے جال میں پھانس لیا اور اس سے ملنے کو کہا۔ ملزم بعدازاں لڑکی کو شہر کے بدھ بازار علاقہ کی ایک ہوٹل میں لے گیا۔ لڑکی نے محسوس کیا کہ ملزم‘ عمران کے نام سے دوسرا آئی ڈی (ہوٹل والے کو) دے رہا ہے۔
پوچھنے پر اس نے بتایا کہ اس نے ہندو نام سے فیک آئی ڈی بنائی تاکہ لوگ اسے پہچان نہ سکیں۔ ہوٹل منیجر کو ان کی بات چیت سن کر شبہ ہوا اور اس نے ایک ہندو تنظیم کے ارکان کو اس کی اطلاع دے دی اور پولیس بھی بلالی۔