مذا ق میں ’دہشت گرد‘ کا لفظ استعمال کرنے پر مسافر پولس حراست میں

0 24

کولکتہ :26۔نومبر ۔بھارت میں ایک مسافر کو پرواز سے پہلے اپنے ایک پیغام میں ’دہشتگرد‘ کا لفظ استعمال کرنے پر تحویل میں لے لیا گیا۔ہوا کچھ یوں کہ ایک مسافر نے اندرون ملک پرواز سے پہلے طیارے میں بیٹھے ہوئے اپنی ایک تصویر کھینچ کر اس کے نیچے دیے گئے کیپشن میں ‘دہشت گرد’ کا لفظ استعمال کیا جس کی وجہ سے انھیں طیارے سے اتار کر تحویل میں لے لیا گیا۔یوگویدنت پودار نامی اس مسافر نے مبینہ طور پر رمال سے اپنا چہرہ ڈھانپ کر تصویر کھینچی اور اس کے نیچے لکھا کہ ‘فلائٹ میں دہشتگرد، میں خواتین کے دل تباہ کرتا ہوں’۔ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے مسافر کی اس پیغام پر نظر پڑی تو اس نے جیٹ ایئرویز کے عملے کو آگاہ کر دیا۔20 برس سے زیادہ عمر کے پودار کولکتہ سے ممبئی جانے والی فلائٹ میں سوار تھے اور پولیس کے مطابق وہ یہ تصویر سنیپ چیٹ پر اپنے ایک دوست کو بھیجنے والے تھے۔طیارہ رن وے پر پرواز کے لیے بڑھ رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا اور پائلٹ کو طیارے کو واپس لانا پڑا تاکہ سکیورٹی اہلکار پودار کو تحویل میں لے سکیں۔ایک بیان میں ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے مسٹر پودار کو تحویل میں لے لیا ہے کیوں کہ انھیں طیارے میں ایسی زبان استمعال کرتے پایا گیا جسے ‘سکیورٹی کو خطرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے’۔مسٹر پودار کے والد نے مقامی میڈیا سے کہا کہ ان کا بیٹا ‘مذاق’ کر رہا تھا۔طیارے میں ایک سو سے زیادہ مسافر سوار تھے جنھیں اس واقعے کی وجہ سے ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔