BiP Urdu News Groups

ریاض: مدینہ منورہ میں جہاں دنیا بھر سے آنے والے مسلمان روضہ رسولؐ پرحاضری دیتے وہیں یہ شہر ایک بڑا کاروباری مرکز بھی ہے۔ مدینہ منورہ میں کئی بڑے بازار اور مارکیٹس ہیں۔ یہ سب عوامی بازار ہیں۔مدینہ کے بازاروں میں ایک بازار کو مقامی سطح پر’الطباخہ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ بازار انواع واقسام کے لذیذ کھانوں روایتی، دیسی اور بدیسی پکوانوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ اگرآپ ’الطباخہ‘ بازار میں داخل ہوں تو آپ کو ایسے محسوس ہوگا کہ آپ کھانوں کے ایک میلے میں کھڑے ہیں۔ کھانوں کے شوقین افراد روزانہ کی بنیاد پر اس بازار میں آتے جاتے ہیں اور پورا سال یہاں پر مقامی اور غیرملکی سیاحوں کی بھیڑ رہتی ہے۔مدینہ منورہ کی تاریخ پر نظر رکھنے والے انجینیرحسان طاہر نے کہا کہ گذشتہ 40 برس سے الطباخہ بازار مدینہ منورہ کی سماجی زندگی کا حصہ ہے۔ اس بازار میں آنے والے زیادہ تر لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہونے کی غرض سے آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد نبوی ؐکے قریب واقع الطباخہ بازار مسجد کے زائرین کی بدولت ہمہ وقت آباد رہتا ہے۔ یہاں کے روایتی اور غیر روایتی کھانوں کئی اقسام مقبول ہیں۔ان کھانوں میں المقادم، المقلقل، الکبدہ، روئوس المندی، کباب، شوربہ الحب، ھریسہ، المنتو، الیغمش، کابلی، بخاری، پلائو اور عربی بریانی جیسے کھانے زیادہ مشہور اور مقبول ہیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں