بھوپال۔ 20 اکتوبر ۔مدھیہ پردیش کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں حکمراں بی جے پی نے اگرچہ اپنے 70 تا 80 موجودہ ارکان کو دوبارہ ٹکٹ نہ دینے پر غور کررہی ہے لیکن اپوزیشن کانگریس اپنے 57 کے منجملہ 42 ارکان مقننہ کو دوبارہ ٹکٹ دینے کے بارے میں فیصلہ کرچکی ہے۔ مدھیہ پردیش میں 28 نومبر کو رائے دہی ہوگی اور 11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ کانگریس کے ایک لیڈر نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پی ٹی آئی سے کہا کہ دوبارہ نامزد کئے جانے والے 42 ارکان اسمبلی کا کام اطمینان بخش پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ”درحقیقت پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ کسی جائز وجہ کے بغیر کسی موجودہ رکن اسمبلی کو ٹکٹ سے محروم کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ 71 امیدواروں کو پہلی فہرست بہت جلد جاری کی جائے گی“۔ امیدواروں کی قطعی فہرست تیار کی جارہی ہے جو کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو پیش کی جائے گی۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ”مدھیہ پردیش میں حکمراں جماعت کو دوبارہ اقتدار پر لانے کے خلاف طاقتور پر چل رہی ہے اور 15 سال بعد ہم دوبارہ اقتدار پر واپس آئیں گے“۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو لگاتار چوتھی مرتبہ اقتدار دینے کے خلاف جاری لہر دیکھتے ہوئے حکمراں جماعت نے 230 رکن اسمبلی میں اپنے موجودہ 165 ارکان کے منجملہ 70-80 کو دوبارہ ٹکٹ نہ دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔