Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

متھن چکرورتی کی اہلیہ اور بیٹے کے خلاف عصمت دری کا معاملہ درج

ممبئی، 17 اکتوبر (یواین آئی) بالی وڈ کےڈسکو ڈانسرمتھن چکرورتی کے بیٹے مہاکشے چکرورتی کے خلاف عصمت دری اور زبردستی اسقاط حمل کرانے اور اس معاملے کو رفع دفع کرنے کی دھمکی دینے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ وہ 2015 سے مہاکشے کے ساتھ ریلیشن شپ میں تھی اوران کی ماں نے دونوں کی شادی کرانے کا وعدہ کیا تھا ۔

گزشتہ چار برسوں سے مہاکشے نے اس کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کئے اور جب وہ حاملہ ہو گئی تو اس پر اسقاط حمل کرانے کے لئے دباؤ ڈالا ، لیکن اس کے انکار کئے جانے پر اسے کچھ گولیوں کھلا کر اسقاط حمل کیا گیا۔متاثرہ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ اداکار کی اہلیہ یوگیتا بالی نے بھی اس معاملے کو رفع دفع کرنے کی دھمکی دی ہے۔اوشیوارا پولیس نے متاثرہ کی شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی ہے ، حالانکہ ابھی تک اس معاملے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔متاثرہ نے اس معاملے میں ماضی میں بھی رپورٹ درج کرانے کی کوشش کی تھی ، لیکن پولیس نے معاملہ درج نہیں کیا ۔ اسی دوران متاثرہ دہلی شفٹ ہو گئی ۔

اس نے ایف آئی آر درج کرنے کے لئے دہلی کی روہنی عدالت میں اپیل کی تھی ۔ عدالت نے بادی النظر ثبوت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرنے اور اس سے متعلق معاملے کی جانچ کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ عدالت کی ہدایت پر ممبئی کے اوشیوارا پولیس تھانہ میں جمعرات کے روز معاملہ درج کیا گیا۔ مہا کشے پراس سے قبل 2018 میں ایک بھوج پوری اداکارہ نے ان سے شادی کا وعدہ کرکے جنسی زیادتی اور اسقاط حمل کا الزام عائد کیا تھا۔