Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے امن معاہدے پر ردعمل: ‘ڈیئر عربز! ہم غریب ضرور ہیں لیکن بے شرم نہیں

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان امن معاہدے کی خبر آنے کے بعد سے دنیا بھر میں ہر طرف اس بارے میں بات ہو رہی ہے۔ کہیں لوگ اسے امن کی طرف ایک مثبت قدم کہہ رہے ہیں تو کہیں لوگ متحدہ عرب امارات سے نالاں ہیں کہ انہوں نے اپنا ’ضمیر بیچ ڈالا‘ ہے۔

جمعرات کو امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو اور ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زاید نے ایک مشترکہ بیان میں اس امید کا اظہار کیا تھا کہ یہ تاریخی پیش رفت مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام میں مدد دے گی۔

پاکستان میں بھی یہ موضوع اس خبر کے سامنے آنے کے بعد سے ٹرینڈ کر رہا ہے۔
معروف ٹی وی اینکر کامران خان کہتے ہیں کہ ’اس یوم آزادی پر ہمیں پاکستان کو بھی دائمی دوستوں اور دشمنوں کی زنجیروں سے آزاد کرانا ہوگا۔ ہمارے عظیم دوست متحدہ عرب امارات نے قومی مفاد میں اسرائیل کو قبول کیا ہے۔ جلد ہی بحرین، اومان، قطر، کویت اور سعودی عرب متحدہ عرب کی پیروی کریں گے۔

’جیو پولیٹیکل زلزلے کے لیے تیار رہیں!‘

فاطمہ بھٹو نے ایک ویب سائٹ پر لگی یہ خبر ٹوئٹر پر شیئر کی جس کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں مہاجرین کے کیمپ میں سکول پر حملہ کیا ہے اور ساتھ پیغام لکھا کہ ‘متحدہ عرب امارات مبارک ہو اسرائیل کے ساتھ تاریخی معاہدہ۔‘

انڈیا سے بھی اس پر ردعمل آ رہا ہے۔ برسرِ اقتدار بی جے پی کے جنرل سیکرٹری بی ایل سنتوش لکھتے ہیں کہ ‘اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ معاہدے اور سفارتی کارروائیوں کے آغاز کی تجویز گیم بدل دے گی۔

یہ امن کی طرف بڑا قدم ہے۔ اس میں انڈیا کی بھی جیت ہے کیونکہ ہمارے دونوں کے ساتھ اچھے روابط ہیں۔’

اماراتی شہزادی ہیند القسیمی جو اکثر پاکستان اور انڈیا میں اپنے بیانات کی وجہ سے موضوع بحث ہوتی ہیں، جب انہوں نے اس معاہدے کے بارے میں ٹویٹ کی تو بہت سے پاکستانی صارفین کی تنقید کا نشانہ بنیں۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘تقریباً 80 سال مسجد اقصیٰ جانے پر پابندی کے بعد، متحدہ عرب امارات کے تمام مسلمانوں کو یروشلم میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہے۔ کیا اب ہم لڑائی روک سکتے ہیں، اور سکون سے زندگی گزار سکتے ہیں؟’